top of page

سائنَس سرجری کے بعد کیا اُمید رکھیں – سائنَس سرجری سے صحتیابی

Writer: Dr. Koralla Raja Meghanadh
Dr. Koralla Raja Meghanadh
Nov 3
10 min read

سائنَس سرجری کے بعد کیا اُمید رکھیں – سائنَس سرجری سے صحتیابی

سائنَس سرجری کے بعد کیا ہوتا ہے؟

سائنَس سرجری کے بعد مریض کو چار گھنٹے تک آئی سی یو میں نگرانی میں رکھا جاتا ہے۔ اگر مریض جلدی ریکور ہو جائے تو ڈاکٹر اُسے جلد ہی نارمل روم میں شفٹ کر سکتے ہیں۔ اینستھیزیا کا اثر ختم ہونے کے بعد مریض کو تقریباً ۳۰ منٹ تک غنودگی محسوس ہو سکتی ہے۔ سائنَس کی سرجری کے بعد ناک کے حصے میں تھوڑی تکلیف اور سوجن ہونا عام بات ہے، کیونکہ آپریشن کے بعد ڈاکٹر عموماً ناک کے اندر ایک سے پانچ دن تک پیک یا ڈریسنگ رکھتے ہیں۔


سائنَس سرجری کے بعد مریض کو ٹھیک ہونے میں کتنا ٹائم لگتا ہے؟

سائنَس سرجری کے بعد ریکوری میں عام طور پر ۱ سے ۵ دن لگتے ہیں۔ اس دوران ناک میں پیک لگا ہونے کی وجہ سے مریض کو منہ سے سانس لینا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے کچھ تکلیف ہو سکتی ہے۔ کچھ کیسز میں ناک کی ڈریسنگ یا نوز پیک لگانے کی ضرورت نہیں پڑتی، جس سے مریض ناک سے سانس لے سکتا ہے، لیکن ایسا بہت کم ہوتا ہے۔ عام طور پر ناک کی ڈریسنگ کتنے دن رکھنی ہے، اس کے بارے میں الگ الگ پروٹوکول ہوتے ہیں۔ کچھ سرجن ڈریسنگ ۲۴ گھنٹے رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں، جبکہ کچھ اسے ۱ سے ۵ دن تک رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ دونوں طریقوں کے اپنے فائدے اور نقصانات ہوتے ہیں۔ عام طور پر ڈاکٹر کے۔ راجا میگھنادھ ناک کی ڈریسنگ پانچ دن تک رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔


ان کے مطابق، اس سے زیادہ فائدہ ملتا ہے۔ سرجری کے بعد ان پانچ دنوں کے دوران ناک میں ڈریسنگ لگی ہونے کی وجہ سے مریض کو تکلیف محسوس ہو سکتی ہے، لیکن یہ تکلیف دردناک نہیں ہونی چاہیے۔ البتہ، ڈریسنگ کو پورے پانچ دن تک رکھنا اس لیے ضروری ہے کہ مطلوبہ سمت میں تقریباً ۹۰ فیصد ہیلنگ ہو سکے۔ اگر ڈریسنگ صرف ۲۴ گھنٹے بعد نکال دی جائے، تو ہیلنگ کا عمل غیر یقینی ہو سکتا ہے اور جلد کے کنارے اس طرح آپس میں جڑ نہیں پاتے جیسے مطلوب ہوتا ہے۔


سرجری کے دوران جلد کو کاٹا جاتا ہے اور ہیلنگ کے عمل میں جلد کے دونوں کنارے آپس میں جڑ کر ایک مسلسل تہہ بناتے ہیں۔ سرجری کے دوران لگائی جانے والی ڈریسنگ یا پیک کی جگہ اور اسے کتنے دن تک رکھا جاتا ہے، اس سے یہ اثر پڑتا ہے کہ جلد کے کنارے کس سمت میں ہیل ہوتے ہیں۔ اسی لیے بعض حالات میں ڈریسنگ کو پانچ دن تک اپنی جگہ پر رکھنا بہت ضروری ہو سکتا ہے، تاکہ مطلوبہ سمت میں ہیلنگ صحیح اور متوقع طریقے سے ہو۔ اس دوران مریض کو کچھ تکلیف ضرور محسوس ہو سکتی ہے، لیکن آخرکار اس سے ہیلنگ بہتر طریقے سے ہونے میں مدد ملتی ہے۔


سائنَس سرجری کے بعد کیا نہیں کرنا چاہیے؟

سائنَس سرجری کے بعد آپ کے ڈاکٹر نے جو آپریشن کے بعد کی ہدایات دی ہیں، اُن پر عمل کرنا بہت ضروری ہے، کیونکہ یہ ہدایات آپ کی ہوئی سائنَس سرجری کی قسم اور آپ کی ذاتی ضرورت کے حساب سے الگ الگ ہو سکتی ہیں۔ لیکن سائنَس سرجری کے بعد کچھ عام باتیں ایسی ہیں جو نہیں کرنی چاہئیں:

  1. اپنی ناک زور سے نہ جھاڑیں، خاص طور پر ایک نتھنا بند کرکے زور سے ناک نہ جھاڑیں۔ ایسی حرکتوں سے رگوں پر دباؤ پڑ سکتا ہے اور خون بہہ سکتا ہے۔ اس سے درمیانی کان میں انفیکشن جیسی پیچیدگیاں بھی ہو سکتی ہیں۔

  2. زیادہ تھکا دینے والی ورزش نہ کریں اور ۱۰ کلو سے زیادہ وزن نہ اٹھائیں۔

  3. پاخانہ کرتے وقت زیادہ زور نہ لگائیں۔

  4. جھکنے سے گریز کریں اور اپنا سر دل کی سطح سے نیچے نہ رکھیں۔


پہلے بتائی ہوئی سرگرمیاں کرنے سے رگوں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جس کی وجہ سے خون بہہ سکتا ہے۔ ہمارے جسم کے سرکولیٹری سسٹم میں دو طرح کی خون کی نالیاں ہوتی ہیں: ہائی پریشر اور لو پریشر سسٹم۔ آرٹریز ہائی پریشر سسٹم کا حصہ ہوتی ہیں، جو دل سے خون کو زیادہ دباؤ کے ساتھ جسم کے دوسرے حصوں تک لے جاتی ہیں۔ وینز لو پریشر سسٹم کا حصہ ہوتی ہیں، جو جسم کے مختلف حصوں سے خون کو کم دباؤ کے ساتھ واپس دل تک لے کر آتی ہیں۔


آرٹریز کی دیواریں موٹی ہوتی ہیں تاکہ وہ زیادہ پریشر کو برداشت کر سکیں، جبکہ وینز کی دیواریں پتلی ہوتی ہیں کیونکہ ان میں خون کم پریشر کے ساتھ بہتا ہے۔ جب وینز پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، جیسے ایسی سرگرمیوں کے دوران جن میں جسم پر زور پڑتا ہے، تو ان کی پتلی دیواریں پھٹ سکتی ہیں، جس سے خون بہنے لگ سکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ جو کام ہم نے پہلے بتائے ہیں، ان سے پرہیز کریں۔ یہ کام وینز پر دباؤ بڑھا سکتے ہیں اور خون بہنے کا سبب بن سکتے ہیں۔


یہ بات یاد رکھنا بھی ضروری ہے کہ آپریشن کے بعد کی احتیاطی ہدایات سرجن، سرجری کی قسم اور ہسپتال کے پروٹوکول کے حساب سے مختلف ہو سکتی ہیں۔ اس لیے اپنے سرجن کی دی ہوئی خاص ہدایات پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ اوپر بتائی گئی ہدایات عام ہدایات ہیں، جن پر سائنَس سرجری کے بعد عمل کرنا چاہیے۔


سائنَس سرجری کے بعد ناک سے خون کیوں آتا ہے؟

ہمارے ہاسپٹل میں سائنَس سرجری کے بعد ناک سے خون آنے کے کیسز بہت کم ہوتے ہیں، یعنی ہر ۱۰۰۰ کیسز میں صرف ۱ کیس میں ایسا ہوتا ہے۔ یہ اُس وقت ہو سکتا ہے جب مریض اوپر بتائے گئے احتیاطی اقدامات پر صحیح سے عمل نہ کرے۔ اس لیے خون آنے کے امکان کو کم کرنے کے لیے ڈاکٹر کی بتائی ہوئی ہدایات پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔


سائنَس سرجری کے بعد ناک سے خون آنے کی تین قسمیں ہو سکتی ہیں: پرائمری ہیمریج، رِی ایکشنری ہیمریج، اور سیکنڈری ہیمریج۔


پرائمری ہیمرج

پرائمری ہیمرج وہ خون بہنا ہے جو سرجری کے دوران ہو سکتا ہے۔ اس کو سرجن مناسب سرجیکل طریقوں کا استعمال کرکے سرجری کے دوران ہی کنٹرول کرنے کی کوشش کرتا ہے۔


ری ایکشنری ہیمرج

ری ایکشنری ہیمرج کا مطلب ہے ڈریسنگ نکالنے کے بعد 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر ناک سے خون بہنا۔ ایسا پہلے سے بند ہوئی خون کی نالی دوبارہ کھلنے کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ ایسے حالات میں مریض کو آپریشن تھیٹر لے جا کر خون بہنے والی نالی کو تلاش کرکے اسے بند کیا جاتا ہے۔ اگر خون شریانوں سے بہہ رہا ہو تو ہم یہی طریقہ اپناتے ہیں۔ لیکن اگر خون رگوں سے آ رہا ہو تو خون روکنے کے لیے ناک کو احتیاط سے پیک کیا جاتا ہے۔


سیکنڈری ہیمرج

اگر پیک نکالنے کے ۵ سے ۱۰ دن بعد خون بہنے لگے، تو اسے سیکنڈری ہیمرج کہتے ہیں۔ اس طرح کا خون بہنا عام طور پر ایسے انفیکشن کی وجہ سے ہوتا ہے جس پر اینٹی بایوٹکس مؤثر طریقے سے کام نہیں کر پاتے۔ ایسا اس وقت ہو سکتا ہے جب مریض دوا کی خوراکیں وقت پر نہیں لیتا، جب اینٹی بایوٹکس خون میں صحیح طریقے سے شامل نہیں ہو پاتے، یا جب آنتیں ان دواؤں کو ٹھیک سے جذب نہیں کر پاتیں۔ ایسی صورت میں مریض کو ہسپتال میں داخل کیا جاتا ہے اور رگ کے ذریعے اینٹی بایوٹکس دی جاتی ہیں۔


سائنَس سرجری کے بعد کونسی دوا دی جاتی ہے؟

اینٹی بایوٹکس

سائنَس سرجری کے بعد، انفیکشن کی قسم کے حساب سے ڈاکٹر اینٹی بایوٹکس تجویز کرتے ہیں۔ عام طور پر اینٹی بایوٹکس ۳ سے ۵ دن تک آئی وی کے ذریعے دی جاتی ہیں۔ لیکن اگر انفیکشن زیادہ شدید ہو تو علاج ۱۰ دن تک جاری رہ سکتا ہے۔ اگر کوئی پیچیدگی ہو تو ڈاکٹر اینٹی بایوٹکس کا کورس ۷ سے ۱۰ دن تک بڑھا سکتے ہیں۔ آئی وی اینٹی بایوٹکس کا ابتدائی کورس مکمل ہونے کے بعد، صحت یابی کے باقی عرصے کے لیے ڈاکٹر منہ کے ذریعے لینے والی اینٹی بایوٹکس تجویز کرتے ہیں۔ منہ کے ذریعے لینے والی اینٹی بایوٹکس کتنے دن تک لینی ہیں، یہ ہر سرجن کی ترجیح کے حساب سے مختلف ہو سکتا ہے۔ کچھ ڈاکٹر اینٹی بایوٹکس کا چھوٹا کورس، یعنی ۱۰ دن کے لیے تجویز کرتے ہیں، جبکہ کچھ ڈاکٹر ہلکی اینٹی بایوٹکس ۴۵ دن تک تجویز کر سکتے ہیں۔ ہم عام طور پر ہلکی اینٹی بایوٹکس ۴۵ دن تک تجویز کرتے ہیں۔


اینٹی الرجک دوائیں

اینٹی بایوٹکس کے ساتھ ساتھ، ڈاکٹر سائنَس سرجری کے بعد سپورٹو دوائیں، جیسے اینٹی الرجک دوائیں بھی دے سکتے ہیں۔ عام طور پر الرجی ہو تو اینٹی الرجک دوائیں دی جاتی ہیں، اور زیادہ تر مریضوں کو الرجی ہوتی ہے، اس لیے ہم الرجی کی دوائیں بھی دیتے ہیں۔


سائنَس سرجری کے بعد ناک کی صفائی

سائنَس سرجری کے بعد ناک کی صفائی کے لیے نیسل اریگیشن کیا جاتا ہے۔ اس سے سرجری کے دوران لگایا گیا جیل ناک سے باہر نکلنے میں مدد ملتی ہے۔ عام طور پر سرجری کے ۷۲ گھنٹے سے لے کر ۶ دن کے بعد نیسل اریگیشن شروع کیا جاتا ہے۔ نیسل اریگیشن کے لیے ہم اسٹرائل پانی میں مناسب مقدار میں سوڈیم کلورائیڈ اور دوسری اسٹیرائڈ دوا ملا کر ناک کو واش کرتے ہیں۔ یہ طریقہ جل نیتی پاٹ جیسا ہی ہے، لیکن اس میں سادے پانی کے بجائے اسٹرائل پانی استعمال کیا جاتا ہے۔ عام طور پر بہت سے لوگ جل نیتی کرتے وقت سادہ پانی استعمال کرتے ہیں، لیکن ہمیں سادہ پانی کبھی بھی استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ پانی میں تھوڑا نمک ملانا ضروری ہے۔ یعنی ۵۰۰ ملی لیٹر پانی میں ۵ گرام نمک ملانا چاہیے۔ پانی ڈسٹلڈ یا اسٹرائل ہونا چاہیے۔ یہ پانی آپ اسٹور سے خرید سکتے ہیں یا گھر پر بھی تیار کر سکتے ہیں۔ گھر پر اسٹرائل پانی بنانے کے لیے پریشر ککر میں ۱ لیٹر پانی ڈالیں اور اسے اس وقت تک اُبالیں جب تک ۲ سے ۳ سیٹیاں نہ آ جائیں۔ اس کے بعد پانی کو نیم گرم ہونے تک ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر اس میں نمک ملائیں۔ اس طریقے سے ہم ناک کی صفائی کے لیے پانی تیار کر سکتے ہیں۔


سائنَس سرجری کے بعد درد کی دوا کیوں ضروری ہوتی ہے؟

سرجری کے بعد ڈاکٹر درد کم کرنے سے زیادہ سوجن کم کرنے کے لیے درد کی دوا دیتے ہیں۔ چونکہ سوجن سے زخم بھرنے کا عمل سست ہو سکتا ہے، اس لیے سوجن کو قابو میں رکھنے کے لیے یہ دوا دی جاتی ہے۔ عام طور پر یہ دوا ۷ سے ۱۰ دن تک دی جاتی ہے۔ یہ سرجری کی وجہ سے سائنَس میں آنے والی سوجن اور پہلے سے موجود سوجن کو کم کرکے زخم بھرنے کے عمل میں مدد کرتی ہے۔ چونکہ سوجن زخم بھرنے میں رکاوٹ بن سکتی ہے، اس لیے سوجن اور بے آرامی کو کم کرنے کے لیے اینٹی انفلامیٹری دوا دی جاتی ہے۔ ایسی دوا کے دو کام ہوتے ہیں: ایک اینالجیسک، جو درد کو کم کرتا ہے، اور دوسرا اینٹی انفلامیٹری، جو سائنَس کی اندرونی جھلی میں ہونے والی جلن اور سوزش کو کم کرتا ہے۔


سائنَس سرجری کے بعد علامات کتنے دن تک رہتی ہیں؟

سرجری کے بعد علامات آہستہ آہستہ کم ہوتے ہوئے ۴۵ دن کے اندر ختم ہو جاتے ہیں۔ لیکن پہلے ۴۸ گھنٹوں میں تقریباً ۹۰ فیصد علامات میں بہتری آنے کی امید ہوتی ہے۔ باقی ۱۰ فیصد علامات بھی سرجری کے ۴۵ دن کے اندر آہستہ آہستہ کم ہو جاتی ہیں۔ کچھ مریضوں کو سرجری کے بعد تھکن محسوس ہونا عام بات ہے۔ یہ عام طور پر سرجری کے دوران دی جانے والی بے ہوشی کی دوا کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اس دوا کا اثر تقریباً ۲ گھنٹوں میں ختم ہو جاتا ہے، اس کے بعد نہیں رہتا۔


سائنَس سرجری کے بعد روزمرہ کی زندگی

عام طور پر سائنَس سرجری کے تین دن بعد مریض اپنے روزمرہ کے کام دوبارہ شروع کر سکتے ہیں، جبکہ کام پر واپس جانے میں پانچ دن تک لگ سکتے ہیں۔ لیکن یہ کام کی نوعیت اور ہر مریض کے ریکوری کے حساب سے الگ الگ ہوتا ہے۔ جو لوگ گھر سے کام کرتے ہیں، وہ سرجری کے ۴۸ گھنٹے بعد بھی کام شروع کر سکتے ہیں۔ کھانے کے معاملے میں آہستہ آہستہ کھانا چاہیے، کیونکہ ناک میں ڈریسنگ لگی ہوئی رہتی ہے، جس کی وجہ سے کھاتے وقت منہ سے سانس لینا پڑتا ہے۔اس کے علاوہ مریض عام طور پر اپنی روزمرہ کی سرگرمیاں بغیر کسی خاص دقت کے دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔ لیکن سرجری کے بعد ڈاکٹر کی دی ہوئی ہدایات پر عمل کرنا اور فالو اَپ کے لیے وقت پر آنا بہت ضروری ہے۔


تحریر کردہ


اکثر پوچھے جانے والے سوالات

کیا سائنَس سرجری کے بعد ناک صاف کرنے کے لیے زور سے پھونک مار سکتے ہیں؟

نہیں، سائنَس سرجری کے بعد ناک صاف کرنے کے لیے زور سے پھونک نہیں مارنا چاہیے۔ ایسا کرنے سے ناک کے اندر پریشر بڑھ سکتا ہے، جس کی وجہ سے خون آ سکتا ہے اور زخم کو بھرنے میں دیر لگ سکتی ہے۔ پیچیدگیوں سے بچنے اور ریکوری ٹھیک سے ہونے کے لیے سرجری کے بعد ڈاکٹر کی دی ہوئی ہدایات کو اچھی طرح فالو کرنا ضروری ہے۔ آپ کو اپنی سرجری یا کسی خاص پریشانی کے بارے میں کوئی سوال ہو تو اپنے سرجن سے ضرور مشورہ کریں۔


کیا سائنَس سرجری کے بعد ہم ناک سے سانس لے سکتے ہیں؟

نئیں، سائنَس سرجری کے فوراً بعد عام طور پر ناک سے سانس لینا مشکل رہتا ہے، کیونکہ ناک کے اندر پیکنگ رکھی جاتی ہے۔ یہ پیکنگ زخم کو ٹھیک ہونے میں مدد کرتی ہے، لیکن کچھ دنوں کے لیے ناک سے سانس لینے کو روک دیتی ہے۔ عام طور پر یہ پیکنگ ۱ سے ۵ دن کے اندر نکال دی جاتی ہے، اور زیادہ تر لوگوں کو چند ہفتوں کے اندر ناک سے نارمل سانس آنا شروع ہو جاتا ہے۔ اگر اس کے بعد بھی ناک سے سانس لینے میں دقت ہو رہی ہو، تو مزید مشورے کے لیے اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔


کیا سائنَس سرجری کے بعد تھکن محسوس ہونا نارمل ہے؟

جی ہاں، سائنَس سرجری کے بعد تھکن محسوس ہونا نارمل ہے، لیکن عام طور پر یہ تھکن سرجری کی وجہ سے نہیں بلکہ سرجری کے دوران دی جانے والی جنرل اینستھیزیا کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اینستھیزیا کا اثر کم ہونے کے ساتھ یہ تھکن عام طور پر ۲ گھنٹے سے کم وقت تک رہتی ہے۔


سائنَس سرجری کے بعد ورزش کیوں نہیں کرنی چاہیے؟

سائنَس سرجری کے بعد دوڑنا اور وزن اٹھانا جیسی زیادہ محنت والی ورزشوں سے پرہیز کرنا بہت ضروری ہے۔ ایسی سرگرمیوں سے رگوں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جس کی وجہ سے خون بہنے کا امکان رہتا ہے۔ اس سے زخم بھرنے میں رکاوٹ آ سکتی ہے اور پیچیدگیوں کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔ اس لیے محفوظ اور صحیح ریکوری کے لیے ڈاکٹر کی دی ہوئی سرجری کے بعد کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔


سائنَس سرجری کے بعد کیا کھانا چاہیے؟

اگر آپ کی ابھی سائنَس سرجری ہوئی ہے یا آپ سرجری کروانے کی تیاری کر رئیں، تو آپ کو کھانے پینے کے بارے میں کچھ پابندیاں رہیں گی کیا، ایسا خیال آ سکتا۔ اچھی بات یہ ہے کہ ایسی کوئی خاص پابندی نہیں ہے! آپ اپنا روز کا نارمل کھانا کھا سکتے۔ نرم یا پھیکا کھانا کھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ بس بہت زیادہ مرچی والا کھانا کھانے میں ذرا دھیان رکھیں، کیونکہ اس سے ناک میں پانی یا رطوبت زیادہ بن سکتی ہے اور ناک میں لگے پیکنگ کی وجہ سے تھوڑے ٹائم کے لیے ناک بند ہونے کی تکلیف بڑھ سکتی ہے۔ اگر اس سے آپ کو تکلیف ہو رئی تو بس مرچی تھوڑی کم کر دیں۔ ورنہ سائنَس سرجری کے بعد آپ ایسا کوئی کھانا نہیں ہے جو آپ نہیں کھا سکتے۔

 
 
 

Comments


  • Facebook
  • Instagram
  • LinkedIn
  • Youtube
SIGN UP AND STAY UPDATED!
Thanks for submitting!

© 2021 - 2022 Anaghasri Technologies and Solutions Pvt. Ltd. All rights reserved.

Medyblog does not provide medical advice, diagnosis, or treatment.

bottom of page