کان کا انفیکشن کیسے شروع ہوتا ہے؟

کان کا انفیکشن، یا اوٹائٹس، ہر عمر کے لوگوں میں عام ہے۔ زیادہ تر کان کے انفیکشن ہلکے ہوتے ہیں اور کم یا بغیر علاج کے خود ہی ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ لیکن کان کے انفیکشن کو نظرانداز کرنے سے سنگین پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں۔ کان کا انفیکشن کیسے شروع ہوتا ہے، یہ سمجھنا بچاؤ اور وقت پر علاج کے لیے بہت ضروری ہے، تاکہ کان کی صحت لمبے عرصے تک اچھی رہے۔

کان کے انفیکشن کی عام شروعاتی وجوہات
کان کے انفیکشن ہونے کی کئی وجوہات ہوتی ہیں، لیکن یہاں کان کے انفیکشن کی کچھ سب سے عام وجوہات دی گئی ہیں، جو زیادہ تر کان کے انفیکشن کے کیسز میں دیکھی جاتی ہیں۔
ناک کے مسئلے
تقریباً ۹۰ فیصد کان کے انفیکشن بیچ والے کان میں شروع ہوتے ہیں، جس کو اوٹائٹس میڈیا کہتے ہیں، اور یہ عام طور پر ناک کے انفیکشن کی وجہ سے ہوتے ہیں۔
مڈل اِئر، ناک کے پچھلے حصے سے یوسٹیشین ٹیوب کے ذریعے جُڑا رہتا ہے، جو کان میں ہوا کا پریشر بیلنس رکھنے میں مدد کرتی ہے، تاکہ صاف سنائی دے۔
ناک کے انفیکشن کی وجہ سے اِن طریقوں سے کان میں بھی انفیکشن ہو سکتا ہے:
ناک سے نکلنے والا انفیکٹڈ پانی مڈل اِیر تک پہنچ سکتا ہے۔
ایک جیسی اندرونی جھلی: ناک اور یوسٹیشین ٹیوب کے اندر ایک ہی طرح کی میوکَسل جھلی ہوتی ہے۔ اس لیے ناک کے انفیکشن کی وجہ سے اس جھلی میں آنے والی سوجن کان تک بھی پھیل سکتی ہے۔
یوسٹیشین ٹیوب کا بند ہونا: ٹیوب بند ہونے سے مڈل اِیر میں نیگیٹو پریشر بن سکتا ہے، جس سے انفیکشن ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
ناک اور یوسٹیشین ٹیوب کو صحت مند رکھنا کان کے انفیکشن سے بچنے کے لیے بہت ضروری ہے۔
عام زکام
تقریباً ۹۰ فیصد مڈل اِیر کے انفیکشن (اوٹائٹس میڈیا) عام زکام سے شروع ہوتے ہیں۔ انسانوں میں ہونے والے کان کے تمام انفیکشن میں سے بھی تقریباً ۹۰ فیصد مڈل اِیر کے انفیکشن ہوتے ہیں۔
زکام کے دوران ناک میں زیادہ بلغم بنتا ہے، جو مختلف طریقوں سے مڈل اِیر کو متاثر کر سکتا ہے:
گاڑھا میوکس: یہ یوسٹیشین ٹیوب کو بند کر سکتا ہے، جس سے مڈل اِیر میں نیگیٹو پریشر بن سکتا ہے اور انفیکشن ہو سکتا ہے۔
پتلا میوکس: یہ مڈل اِیر میں رس کر پہنچ سکتا ہے اور سیدھے طور پر انفیکشن کر سکتا ہے۔
میوکَسل لائننگ میں سوجن: میوکَسل لائننگ ایک پتلی تہہ ہے جو ناک اور یوسٹیشین ٹیوب کے ایک حصے کو ڈھانک کے رکھتی ہے۔ ناک کے انفیکشن کے دوران اس لائننگ میں سوجن آ سکتی ہے اور انفیکشن یوسٹیشین ٹیوب تک پھیل سکتا ہے۔ جن لوگوں کی یوسٹیشین ٹیوب چھوٹی یا پتلی ہوتی ہے، اُن کو بار بار کان میں انفیکشن ہونے کے چانس زیادہ رہتے ہیں، خاص طور پر جب اُن کو زکام ہوتا ہے، کیونکہ اُن کی ٹیوب آسانی سے بند ہو جاتی ہے یا سوجن سے متاثر ہو جاتی ہے۔
زکام یا ناک کے انفیکشن کو شروع میں ہی گھریلو علاج سے سنبھالنے یا ٹھیک کرنے سے کان کے انفیکشن کا خطرہ کافی حد تک کم ہو سکتا ہے۔
ناک زور سے صاف کرنے سے کان کا انفیکشن شروع ہو سکتا ہے
زکام کے دوران ناک کو زور سے صاف کرنے سے، خاص طور پر جب ایک نتھنا بند ہو، ناک کے پچھلے حصے یعنی نَیزوفیرنکس میں زیادہ پریشر بن سکتا ہے۔ یہ پریشر:
نَیزوفیرنکس سے انفیکٹڈ پانی یوسٹیشین ٹیوب کے ذریعے مڈل اِیر میں پہنچ سکتا ہے۔
یوسٹیشین ٹیوب کو بند کر سکتا ہے۔
دونوں صورتوں میں مڈل اِیر کا انفیکشن (اوٹائٹس میڈیا) شروع ہو سکتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے ناک کو آہستہ سے صاف کریں اور دونوں نتھنوں کو ایک ساتھ صاف کریں۔ اس بارے میں مزید جاننے کے لیے ہمارا آرٹیکل "ناک صاف کرنے کے بعد کان میں درد" پڑھیں۔
کرونک سائنوسائٹس
جب سائنوسائٹس کو نظرانداز کیا جائے تو اس کی وجہ سے کان بند ہونے اور کان میں درد کی شکایت ہو سکتی ہے۔ سائنوسائٹس وقت کے ساتھ مختلف اسٹیجز سے گزرتا ہے:
کرونک اسٹیج میں انفیکشن کو ۴۵ دن سے زیادہ ہوچکے ہوتے ہیں۔ اس میں انفیکشن ہلکی پھلکی علامات کے ساتھ رہتا ہے، جس کی وجہ سے اکثر لوگ سالوں تک اس انفیکشن کو بھول جاتے ہیں۔
کرونک سائنوسائٹس میں ناک کے پچھلے حصے سے پانی گلے میں بہتا رہتا ہے، جس کا مریض کو پتا بھی نہیں چلتا، لیکن اس کی وجہ سے مڈل اِیر میں انفیکشن ہو سکتا ہے:
گاڑھا پانی: یوسٹیشین ٹیوب کو بلاک کر سکتا ہے، جس کی وجہ سے مڈل اِیر میں نیگیٹو پریشر بن سکتا ہے اور اوٹائٹس میڈیا کا انفیکشن ہو سکتا ہے۔
پتلا پانی: مڈل اِیر میں رس سکتا ہے اور براہِ راست انفیکشن کا سبب بن سکتا ہے۔
سائنوسائٹس کا صحیح علاج کرنا مڈل اِیر کے انفیکشن جیسی پیچیدگیاں ہونے سے روکنے کے لیے بہت ضروری ہے۔
کان میں انفیکشن شروع کرنے والے گھریلو ٹوٹکے
یہ بات سن کر آپ کو حیرانی ہو سکتی ہے، لیکن ہاں، کان کے لیے عام طور پر استعمال کیے جانے والے کچھ گھریلو ٹوٹکے کان میں انفیکشن شروع کر سکتے ہیں یا پہلے سے موجود کان کے انفیکشن کو اور بڑھا سکتے ہیں۔
کان میں ڈالنے کے لیے تیل
بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ کان کے باہر کی نالی میں خشکی کی وجہ سے خارش یا جلن ہو رہی ہے، اس لیے آرام کے لیے کان میں تیل کے قطرے ڈال لیتے ہیں۔ لیکن خارش کی وجہ فنگل انفیکشن بھی ہو سکتی ہے۔ کان کی نالی میں تیل ڈالنے سے ایسا ماحول بن جاتا ہے جو فنگس کو بڑھنے میں مدد کرتا ہے۔ اس سے نیا انفیکشن شروع ہو سکتا ہے یا پہلے سے موجود انفیکشن اور زیادہ بڑھ سکتا ہے۔ اگر انفیکشن پہلے سے موجود ہو تو تیل فنگس کی بڑھوتری کو تیز کر دیتا ہے، جس سے انفیکشن جلدی پھیل سکتا ہے اور نئی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ کان کے اس فنگل انفیکشن کو اوٹومائکوسس کہتے ہیں۔ پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے، کان میں کسی بھی طرح کی تکلیف ہو تو بہتر ہے کہ ہمیشہ ای این ٹی اسپیشلسٹ سے مشورہ کریں۔
بغیر ڈاکٹر کے مشورے کے کان میں ڈالنے والے ڈراپس یا بغیر نسخے کے ملنے والی دوائیں
بغیر ڈاکٹر کے مشورے کے ملنے والے کان کے ڈراپس استعمال کرنے سے کان کی نالی کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور انفیکشن بھی زیادہ خراب ہو سکتا ہے۔ بیرونی کان میں قدرتی طور پر بیکٹیریا اور فنگس کے بیچ ایک بیلنس رہتا ہے، جس سے دونوں ایک دوسرے کو کنٹرول میں رکھتے ہیں۔ لیکن صحیح تشخیص اور ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر کان کے ڈراپس استعمال کرنے سے یہ بیلنس بگڑ سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے فنگس کو بغیر روک ٹوک کے بڑھنے کا موقع مل جاتا ہے۔ یوں کان میں فنگل انفیکشن شروع ہو سکتا ہے، جسے اوٹومائکوسس کہا جاتا ہے۔
شیر خوار بچوں میں کان کا انفیکشن کیسے شروع ہوتا ہے؟
چھوٹے بچوں میں کان کا انفیکشن بہت عام ہے، خاص طور پر اُن کے کان اور ناک کی خاص بناوٹ اور دودھ پینے کے طریقے کی وجہ سے۔
چھ مہینے سے کم عمر بچوں میں ناک اور کان کو جوڑنے والی نلکیاں، جن کو آڈیٹری ٹیوبس کہتے ہیں، زیادہ تر سیدھی اور افقی پوزیشن میں ہوتی ہیں کیونکہ اُس عمر میں بچے کا سر ابھی چھوٹا ہوتا ہے۔ یہ نلکیاں درمیانی کان تک ہوا پہنچانے میں مدد کرتی ہیں۔ بڑوں میں یہ نلکیاں زیادہ عمودی یا ترچھی ہوتی ہیں، اس لیے مائع کا ان میں چلے جانا نسبتاً مشکل ہوتا ہے۔ لیکن بچوں میں یہ نلکیاں تقریباً سیدھی ہونے کی وجہ سے دودھ کا منہ سے درمیانی کان تک پہنچنا آسان ہو جاتا ہے۔ بچے کے کان میں دودھ چلا جائے تو وہاں نمی والا ماحول بن سکتا ہے، جس سے کان میں انفیکشن ہو سکتا ہے۔
اکثر بچے منہ میں دودھ رہتے ہوئے سو جاتے ہیں۔ منہ میں رہ جانے والا دودھ منہ میں قدرتی طور پر موجود بیکٹیریا کی وجہ سے جلدی خمیر ہو سکتا ہے۔ اگر یہ خمیر ہوا دودھ آڈیٹری ٹیوبس کے ذریعے درمیانی کان تک پہنچ جائے تو کان میں انفیکشن ہو سکتا ہے۔ اسی لیے بچے کو دودھ پلاتے وقت اسے تھوڑا ترچھا رکھنا ضروری ہے اور دودھ پلانے کے بعد ڈکار ضرور دلانا چاہیے۔
بچوں میں کان کا انفیکشن کیسے شروع ہوتا ہے؟
بچوں میں کان کے انفیکشن کی ایک عام وجہ بڑھے ہوئے ایڈینوئڈز ہوتے ہیں۔ ایڈینوئڈز ناک کی گہا کے پچھلے حصے میں موجود غدود ہوتے ہیں۔ الرجی یا وائرل انفیکشن کی وجہ سے یہ سوج کر بڑے ہو سکتے ہیں، جو ناک کے پیچھے والے حصے یعنی نازوفرینکس کو متاثر کرتے ہیں۔ جب ایڈینوئڈز سوج کر بڑے ہوجاتے ہیں تو یہ یوسٹیشین ٹیوب کے منہ کو بند کر سکتے ہیں۔ اس رکاوٹ کی وجہ سے درمیانی کان میں نیگیٹو پریشر بننے لگتا ہے۔ نتیجے میں درمیانی کان میں فلوئڈ جمع ہوسکتا ہے، جس سے انفیکشن ہونے کے لیے مناسب ماحول بن جاتا ہے۔
نتیجہ
کان کا انفیکشن کیسے شروع ہوتا ہے، یہ سمجھ لینے سے آپ اکثر اس سے بچاؤ کر سکتے ہیں۔ اگر پوری طرح سے اس سے بچنا ممکن نہ بھی ہو، تب بھی یہ معلومات آپ کو کان کے انفیکشن کو شروع میں ہی پہچاننے اور ضروری کارروائی کرنے میں مدد کر سکتی ہیں۔ وقت پر علاج کرانا بہت ضروری ہے، کیونکہ علاج نہ کرانے یا لاپرواہی کرنے سے کان کا انفیکشن سنگین اور ہمیشہ کے لیے نقصان پہنچانے والی پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے۔


Comments